فیصل آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی شیخ خرم ظفر نے کہا ہے کہ ضلع فیصل آباد سے لاکھوں کارکنان 14اگست کو اسلام آباد پہنچیں گے ۔قائد عمران خان ہی پاکستانی عوام کی امیدوں کا محورہیں جو نہ صرف نظام کی بہتری کیلئے پرعزم ہیں بلکہ لوٹی ہوئی ملکی دولت واپس لانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں ۔حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز تحریک انصاف اقبال ٹاؤن کے چیئرمین رانا اویس کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ضلعی صدر رانا احمدراحیل ، صدر انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن میاں فرخ حبیب، فیض کموکا ،ڈاکٹر اسد معظم، سابق سٹی ناظم ممتاز علی چیمہ، میاں وارث ،میاں تنویر ریاض، شہباز کسانہ و دیگر کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
رہنمائوں نے کہا کہ14اگست کے لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کئے بغیر ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔