مقتدر جماعتوں نے ملک وقوم کی حالت بگاڑ دی ہے’ ایم آر پی

Musharraf

Musharraf

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مشرف کی قیادت میں نئی سیاسی جماعت کی تشکیل کے صمصام بخاری کے انکشاف پر تبصرہ کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ دونوں مقتدر جماعتوں نے ملک وقوم کی حالت بگاڑ دی ہے۔

قومی سیاسی افق پر ابھرنے والی تیسری جماعت کے یک صوبائی اقتدار نے بھی قوم کوبتادیا ہے کہ یہ جماعت بھی اس کے دکھوں کے مداوے میں ناکام رہے گی ان حالات میں اگرکرپشن کے حوالے سے بیداغ کردار اور پاکستان کی تعمیرو ترقی کے ساتھ معاشی استحکام کے حوالے سے مثالی اقتدار کے ریکارڈ کے حامل پرویز مشرف کی قیادت میں محب وطن اور عوام دوست قوتوں پر مشتمل ایسی سیاسی قوت تشکیل پاتی ہے۔

جو حقیقی معنوں میں عوام کو مسائل و مصائب اور ملک کو ہمہ اقسام بحرانوں سے نکالنے کے واضح منصوبے اور جذبے کی حامل ہو اور ایم آرپی کے پیش کردہ فارمولے کے تحت ڈویژنل کونسلوں کو با اختیار بنانے اور ملک میں مقامی خود مختاری کے ذریعے عوام کو شریک اختیارو اقتدار بنانے کے ساتھ منتخب نمائندوں اور حکمرانوں کے احتساب کا حق بھی عوام کو دینے کو تیار ہو تو ایم آر پی بھی قومی و عوامی مفاد میں اس جماعت کے ساتھ اتحاد و اشتراک کیلئے تیار ہوگی۔