کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کرائے جانے کے حکومتی فیصلے کی تائید کرتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے چیئرمین امیر علی سولنگی المعروف گجراتی سرکارنے کہا کہ جماعتی بنیادوں پر انتخابات کے باعث ہی وطن عزیز میں ہمیشہ استحصالی اور روایتی سیاسی جماعتوں کی حکمرانی رہی۔
اور عوامی نمائندوں کی بجائے سیاسی جماعتوں کے حمایت یافتہ نمائندے ہی منتخب ہوکر اسمبلیوں تک پہنچتے رہے ہیںجس کی وجہ سے آج ملک بد حال اور عوا م بیزارو پریشان ہیں۔ اسلئے انتخابات کا غیر جماعتی بنیادوں پر ہونا ہی ملک و قوم کے مفاد میں ہے اور صرف بلدیاتی ہی نہیں بلکہ قومی ‘ صوبائی ‘ بلدیاتی اور سینیٹ کے انتخابات بھی غیر جماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں سرکاری مداخلت پر کاروائی کے اعلان کاخیر مقدم کرتے ہوئے جی کیو ایم کے سربراہ گجراتی سرکارنے کہا کہ در حقیقت بلدیاتی انتخابات میں سرکاری مداخلت کا خاتمہ یقینی بناکر انتخابات کو مکمل طور پر شفاف و غیر جانبدارانہ بنادیا گیا۔
توبلدیاتی انتخابات کے نتائج کے ذریعے قومی انتخابات کے حوالے سے اصل حقائق عوام کے سامنے آجائیں گے اور عوام کو پتا چلا جائے گا کہ انتخابات میں دھاندلی کے تحریک انصاف کے الزامات درست ہیں یا موجودہ حکومت حقیقی معنوں میں عوامی حمایت کی حامل ہے۔