ابوجا (جیوڈیسک) نائجیریا کی شدت پسند تنظیم بوکو حرم نے ایک بار پھر مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں مغوی طالبات کے قتل کی دھمکی دیدی جبکہ دارالحکومت ابوجا میں مغوی طالبات کی بحفاظت واپسی کیلئے عبادات اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق نائجیریا میں انتہاپسند تنظیم کے ہاتھوں دو سو سے زائد طالبات کے اغوا کو تین ہفتے گزرچکے ہیں،لیکن ابھی تک مغویوں کے بارے میں کوئی پتہ نہیں کہ وہ کس حال میں ہیں۔ بوکو حرم نے دھمکی دی ہے کہ اگر جیل میں قید ان کے ساتھیوں کو رہا نہ کیا گیا تو وہ طالبات کو قتل کر دیں گے۔
دوسری جانب نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں مغوی طالبات کی بحفاظت واپسی کیلئے خصوصی عبادات اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔نائجیریا میں مسلمان باشندوں نے ملک بھر میں لڑکیوں کی بحفاطت واپسی کیلئے خصوصی عبادات کا اہتمام کیا ، مسلمانوں نے مسجدوں میں جمع ہوکر اجتماعی دعائیں مانگیں۔ جبکہ مغوی طالبات کی واپسی کیلئے احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔