اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت ایک بار پھر پارٹی سے ناراض ہو گئے اور انہوں نے وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر کرپشن کو تحفظ دینے کا بھی الزام لگادیا۔
گزشتہ دنوں پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے وزیراعظم کی جانب سے کشمیر آور منائے جانے کے اعلان کی جہاں تحسین کی وہیں انہوں نے ٹوئٹر کےذریعے فردوس عاشق اعوان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
عامر لیاقت نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’عمران خان نے جمعے کے روز 12 سے ساڑھے 12 تک کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا کہا ہے، یہ (فردوس عاشق) فرماتی ہیں کہ جو جہاں موجود ہو وہ 3 منٹ کے لیے 12 بجے کھڑا ہوجائے، بات کرنے کا کوئی طریقہ ہوتا ہے، اپیل اور حکم میں فرق ملحوظ خاطر رکھیں، قوم دل سے کشمیریوں کے ساتھ ہے، حکم کی ضرورت نہیں‘۔
عامر لیاقت نے اپنی ہی جماعت کی رکن پر کرپشن کو تحفظ دینے کا بھی الزام لگایا اور کہا کہ ’پی ٹی وی میں سنگین بے قاعدگیوں کو تحفظ دینے کے سوا فردوس عاشق اعوان کو آتا کیا ہے؟
پی ٹی آئی ممبر قومی اسمبلی نے فردوس عاشق اعوان کو ان فالو کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس سے انہیں خوشی محسوس ہورہی ہے۔
عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ ’بے ہنگم گفتگو، تسلسل سے مسلسل فضول الفاظ کی دھول، عمران خان کی ہدایات کے برعکس فردوسی بیانات کی یلغار، تنگ کرکے رکھا ہوا ہے پوری قوم کو‘۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی رکن نے ایک نجی ٹی وی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’فردوس عاشق اعوان غیر منتخب رکن ہیں، وہ انتخاب ہارگئیں، وہ کون ہوتی ہیں قوم کو حکم دینے والی، وہ غیر منتخب ہیں، مشیر اطلاعات کے لیے پوری پارلیمنٹ میں کوئی منتخب ممبر نہیں مل سکا، آپ کون ہوتی ہیں قوم کو حکم دینے والی، آپ تو منتخب بھی نہیں، نااہل لوگوں کے سپرد امانتیں کی جانے لگیں تو سمجھ لو قیامت قریب آرہی ہے، فردوس عاشق کئی مواقع پر حکومت کے لیے ہزیمت بنیں‘۔
عامر لیاقت نے مزید کہا کہ ’جب سے فردوس عاشق کو یہ وزارت ملی اس سے کوئی اچھی خبریں نہیں آتیں، وہ یہ وزارت چھوڑدیں اور کوئی کام کریں، عوام انہیں ویسے بھی مسترد کرچکے ہیں‘۔
عامر لیاقت نے اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان کو نااہل بھی قرار دیا۔
اپنے ایک اور بیان میں پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وہ درباری نہیں ہیں اور وہ پارٹی کے ٹھاکر بن کر رہ گئے ہیں۔
عامر لیاقت اور معاون خصوصی فردوس عاشق کے درمیان کشیدہ تعلقات پر وزیراعظم عمران خان نے بھی نوٹس لیا ہے اور اس حوالے سے گزشتہ روز پریس بریفنگ میں فردوس عاشق نے کہا کہ اگر کسی رکن کو کوئی مسئلہ ہے تو اس پر بات کرنے کا پلیٹ فارم پارٹی ہے، اس کے باہر بات کرنے پر ایکشن لیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے نعیم الحق کو ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں۔