کراچی (جیوڈیسک) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ جس دن لگا کہ پارٹی سے ملک و قوم کو نقصان پہنچ رہا ہے، اسی دن پارٹی ختم کر دیں گے، ہمیں اختلافات رکھتے ہوئے جینے کا سلیقہ سیکھنا ہے۔
کراچی میں پی ایس پی بزنس فورم سے خطاب میں انہوں نے 23مارچ کو کراچی میں جلسے کرنے کا اعلان بھی کیا ،تقریب میں ایم کیو ایم کے سینیٹر عبدالحسیب خان بھی شریک ہوئے۔
عبدالحسیب خان کے تقریب میں پہنچنے پر مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی نے ان کا استقبال کیا ،پی ایس پی سربراہ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ 30 سال سے کراچی میں ایک جماعت کی حکمرانی رہی ہے، مہاجرکے نام پرجتنا مینڈیٹ تھا سب ان کو دے دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 22 اگست کے بعد بانی ایم کیو ایم کا دفاع ان لوگوں کے لیے مشکل ہو گیا تھا، یہ بات غلط ہے کہ مہاجر بانی ایم کیو ایم سے دیوانہ وار محبت کرتے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سیاست میرے لیے بریڈ اینڈ بٹر نہیں ، ہم اقتدار حاصل کرنے نہیں آئے بلکہ بھائی کو بھائی سے ملانے آئے ہیں، ہمارے بیانیے پر اعتراضات ہو سکتے ہیں، اس پر بحث ہو سکتی ہے، ہم اپنا بیانیہ تبدیل نہیں کریں گے، ہمارا کوئی ذاتی مفاد نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے حصے کے چراغ کو جلانے کی کوشش کی ہے،23 مارچ کو ہماری جدوجہد کا ایک سال مکمل ہو جائیگا، ہم نے یہ سفر روایتی سیاست کے لیے شروع نہیں کیا، اپنے ساتھ چلنے کے لیے کسی کو مجبور نہیں کرینگے۔