پارٹی کے مستقبل کی حکمت عملی پر غور راہول گاندھی نے چند ہفتوں کی چھٹی لے لی

 Rahul Gandhi

Rahul Gandhi

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت میں کانگریس پارٹی کے نائب صدر اور سونیا گاندھی کے بیٹے راہول گاندھی نے چند ہفتوں کے لیے’چھٹی‘ لی ہے تاکہ وہ حال ہی میں پیش آنے والے واقعات اور پارٹی کے لیے مستقبل کی حکمت عملی پر غور کر سکیں۔

کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ چند ہفتوں کی چھٹی پر ہیں، انہیں کچھ وقت چاہئے۔ اس بارے میں ہمیں جو بھی کہنا وہ کہا جاچکا ہے۔

وہ چھٹی پر جاچکے ہیں۔ لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے لیڈر ملک ارجن کھارگے نے کہا کہ ’وہ چھٹی پر ہیں، ٹھیک ہے، میں اس بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتا، کام ہوتا ہے تو ہم اجازت لیتے ہیں، ہم ان کی اور میڈم سونیا گاندھی کی رہنمائی میں کام کرتے رہیں گے۔

کانگریس پارٹی کے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ’راہول گاندھی نے پارٹی صدر سونیا گاندھی سے کچھ وقت مانگا ہے کیونکہ وہ اپریل میں کل ہند کانگریس کمیٹی کے اجلاس سے پہلے حالیہ واقعات پر غور و فکر کر سکیں۔

اس کے بعد وہ دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ دگ وجے سنگھ نے کہا تھا کہ دہلی کے انتخابات میں راہول گاندھی اسی نئے انداز سے مہم چلانا چاہتے تھے جو عام آدمی پارٹی نے اختیار کیا ہے کانگریس پارٹی گذشتہ برس مئی سے شدید مشکلات کا شکار ہے اور پارلیمانی انتخابات سے لے کر اب تک اسے لگاتار انتخابی ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پارٹی کو سب سے زیادہ شرمندگی کا سامنا دہلی کے انتخابات میں کرنا پڑا جہاں اسے 70 میں سے ایک بھی سیٹ نہیں ملی حالانکہ ریاست میں وہ 15 سال سے حکومت کر رہی تھی۔ راہول گاندھی کی ’چھٹی‘ کی خبر بہت غیرمعمولی ہے کیونکہ اگر انہیں پارٹی کی حکمت عملی کے بارے میں غور کرنا ہے تو چھٹی لینے کی کیا ضرورت ہے اور ویسے بھی ان کے بارے میں عام تاثر یہ ہے کہ وہ کل وقتی سیاست نہیں کرتے۔