کراچی (جیوڈیسک) پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ کراچی میں چوکیدار ہی چور ہے۔ متحدہ قائد ہی ساری پارٹی چلاتے ہیں اور آئندہ بھی چلائیں گے۔
سمجھ نہیں آتی کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنی پریس کانفرنس میں کیا بات کی؟ کچھ لوگوں کو بچانے کیلئے دوسروں کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے۔ فاروق ستار نے ثابت کر دیا کہ ان سے بڑا کوئی معصوم نہیں ہے۔
پتہ نہیں کہ فاروق ستار کس چیز کا انتظار کر رہے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ گرتی ہوئی دیوار ہے، روکنے والا ملبے تلے دب کر ختم ہو جائے گا۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ متحدہ قائد کی تقریر کے بعد کریک ڈاؤن ہوا۔
متحدہ قائد پاکستان کیخلاف باتیں کر رہے ہیں اور اپنے ہی ملک کو دہشتگردی کا گڑھ کہہ رہے ہیں۔ یہ کیسی بیماری ہے کہ انسان بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ایجنٹ بن جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکن خود کو تنہا نہ سمجھیں۔ وفاق اور سندھ حکومت ایم کیو ایم کارکنوں کو لاوارث سمجھ کر پالیسی بنانے سے گریز کرے۔ حکومت حق نہیں دے گی تو عوام کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں گے۔