سیاسی جماعتوں کو یکساں حقوق وتحفظ کی فراہمی حکومت ، عدلیہ اور الیکشن کمیشن کا فریضہ ہے
Posted on April 27, 2013 By Tahir Webmaster کراچی
کراچی : حکومت کی ناکامی کا مطلب قوم کی بدنصیبی ہوتا ہے لیکن جب انتخابات کے ذریعے جمہوریت کے قیام کیلئے تشکیل کردہ نگراں حکومت کی غیرجانبداری مشکوک ہوجائے تو انتخابی عمل کے نتائج کے ساتھ اس کے نتیجے میں تشکیل پانے والی حکومت و جمہوریت بھی مشکوک ہوجاتی ہے اور قوم کا مستقبل خدشات و خطرات سے دوچار ہوجاتا ہے۔
جبکہ اگر عدلیہ و الیکشن کمیشن بھی اسی حالت سے دوچار دکھائی دیں تو انتخابی عمل سے عوام کا اعتماد اٹھ جاتا ہے اور عدم تحفظ کی فضا عوام کو مایوسی سے دوچار کردیتی ہے جس کی وجہ سے انتخابی عمل سبوتاژ ہوجاتا ہے اور ملک خانہ جنگی جیسے خطرات کا شکار ہوجاتا ہے۔
نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین عمران چنگیزی نے کہا کہ ملک کو خانہ جنگی و تباہی سے بچانے کیلئے انتخابی عمل کو شفاف بنانا ناگزیر ہے جس کیلئے مساوات کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کو انتخاب لڑنے کی یکساں آزادی و تحفظ کی فراہمی کو یقینی بنانا۔
نگراں حکومت ،الیکشن کمیشن اور آزاد و غیر جانبدار عدلیہ کا فریضہ ہے اور فریضے کی انجام دہی میں کوتاہی ان اداروں کی ساکھ کو ہی تباہ نہیں کرے گی بلکہ پاکستان کے سیاسی و جمہوری نظام کے ساتھ ملک و قوم کے مستقبل کو بھی تباہ و برباد کردے گی۔