کراچی (اسٹاف رپورٹر) یوسی نمبر 9 شاہ فیصل کالونی سے دو جماعتی اتحاد اور علماء و مشائخ کے مشترکہ پینل کے نامزد اُمیدوار برائے کونسلر سلیم الدین انصاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی واحد نمائندہ عوامی جماعت ہے جو ملکی تری اور عوامی خوشحالی پر یقین رکھتی ہے۔
عوامی ووٹوں سے شہر کو تاریکی میں ڈبونے والوںکو بلدیاتی انتخاب میں شکست فاش دیکر عوامی تعاون سے شہر کو ترقی سے ہمکنار اور عوام کو مسائل سے نجات دلا ئیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں انتخابی مہم کے آغاز پر مختلف علاقوں میں عوامی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنمائوں اور کارکنان بھی موجود تھے ۔سلیم الدین انصاری نے عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فراہمی و نکاسی آب کے بڑھتے ہوئے مسائل سے عوام کو نجات دلا نے کے ساتھ علاقائی سطح پر بلدیاتی مسائل کا خاتمہ یقینی بنا یا جائیگا۔
انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت عوام کو مسائل سے دلا نے کے لئے کوشاں ہے فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے حوالے سے شہر میں بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ کامیابی کے بعد ہر گھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کی بہتری کو یقینی بنا نا ہماری اولین ترجیح ہے اور انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے مسائل حل کئے جائیں گے۔