اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان قتل کیس میں تحقیقات پر تفصیلی رپورٹ آئندہ سماعت پرپیش کرنے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ میں کراچی رجسٹری میں جسٹس امیرہانی مسلم ، جسٹس مشیرعالم اور جسٹس مقبول باقر پر مشتمل لارجر بنچ نے پروین رحمان قتل ازخود نوٹس کی سماعت کی۔ دوران سماعت ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ و دیگر پولیس افسران بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ نے عدالت کو بتایا کہ پروین رحمان قتل کیس میں کافی شواہد ملے ہیں تفتیش میں پیشرفت ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کیس کے تفتیشی افسر ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ رخصت پر ہیں لہذا جواب داخل کرانے کیلیے مہلت دی جائے۔
عدالت نے ڈی آئی جی ویسٹ کو آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائرکٹر پروین رحمان کو گزشتہ سال پیر آباد کے علاقے میں فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا جس پر ہیومن رائٹس کمیشن کی درخواست پر عدالت نے ازخود نوٹس لیا تھا۔