پرویز الہی کے سستی بجلی کے منصوبے بند کرکے شہباز حکومت نے ظلم کیا ،، سینیٹر کامل آغا
Posted on April 26, 2013 By Noman Webmaster لاہور
لاہور (جی پی آئی)ق لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ پنجاب میں لوڈ شیڈنگ کے بحران کے ذمہ دار میاں شہباز شریف لوڈشیڈنگ کے نام پر سیاست چمکا رہے ہیں ، شجاعت فارمولہ آج بھی قابل عمل اور مفید ہے۔
گزشتہ روز یہاں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہی کے سستی بجلی پیدا کرنے کے درجنوں منصوبوں پر شہباز شریف حکومت کا م بند کروا کر ظلم کیا اگر یہ منصوبے بند نہ ہوتے تو آج پنجاب لوڈشیڈنگ کے سنگین بحران سے دوچار نہ ہوتا ، رائیٹ ایٹ سورس فارمولہ پر دستخط کرکے میاں شہباز شریف نے پنجاب کے عوا م اور انڈسٹری کی مشکلات میں اضافہ کیا۔
میاں شہباز شریف کے غیر سنجیدہ طرز حکومت کی سزا آج پنجاب کے صنعتکار ، کسان اور گھریلو صارفین بھگت رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بجلی کے لیے سبسڈی کی رقم کی ادائیگی بند کی جانے کی خبروں کا نوٹس لیں،خوفناک لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام شدید مشکل میں ہیں ، اس کا فی الفور حل ڈھونڈا جائے لوڈ شیڈنگ فیئر اینڈ فری انتخابات کوبھی متاثر کر رہی ہے۔