پشتون خواتین آپ بہادرہیں، اسکول جاکر تعلیم حاصل کریں؛ ملالہ

Malala

Malala

نیویارک (جیوڈیسک) ملالہ کا کہنا ہے کہ پشتون خواتین آپ بہادرہیں اور اسکول جاکر تعلیم حاصل کریں اور اپنے حق کے لیے آواز اٹھائیں۔ ذرائع کے نمایندے محبوب علی سے نیویارک میں بات چیت کرتے ہوئے ملالہ نے کہا کہ دنیا دیکھی ہے لیکن جتنا خوب صورت میرا سوات ہے اتنا کوئی اور شہر نہیں۔ انھوں نے پشتو میں بھی بات کی اور کہا کہ والدین سے گزارش کرتی ہوں کہ وہ اپنی بچیوں کو تعلیم دلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ عزت کی بات ہے کہ میں آپ سے پشتو زبان میں مخاطب ہوں۔ مجھے پشتون ہونے پر فخر ہے۔

پشتون خواتین بہادر ہوتی ہیں، اس لیے میں پشتون خواتین کوکہتی ہوں کہ آپ بہادر ہیں اور اسکول جاکر تعلیم حاصل کریں اور اپنے حق کے لیے آواز اٹھائیں۔ میں والدین سے بھی گزارش کرتی ہوں کہ وہ اپنی بچیوں کو بھی زیور تعلیم سے آراستہ کریں کیونکہ اسلام نے ہمیشہ بنیادی طورپر برابری کا درس دیا ہے۔ بھائی چارہ بھی اسلام ہی کا درس ہے۔ اسلام نے خواتین کو تعلیم کا حق دیا ہے۔ اسلام نے ہمیں برابری اور انصاف فراہم کیا ہے۔ میرا پیغام ہے کہ جائیے اور تعلیم حاصل کیجیے۔