کروڑ لعل عیسن (نامہ نگار) بھکر سے صادق آباد جانے والی الجنید کمپنی کی مسافر بس نمبری LES-2963 شدید دھند کے باعث پھاٹک کراس کرتے ہوئے ریل گاڑی کے انجن سے ٹکرا گئی۔ مسافروں سے بھری بس کو انجن 100 فٹ تک گھسیٹ کر لے گیا۔ بس میں تقریباً 30 مسافر سوار تھے جو کہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
اور صرف 9 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ حادثہ لیہ روڈ ریلوے پھاٹک کھلا ہونے کے باعث صبح پونے 8 بجے پیش آیا۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ، کروڑ ہسپتال کی ایمبولینس ، ایس ایچ او کروڑ سمیت سینکڑوں افراد موقع پر پہنچ گئے اور فی الفور امدادی کاروایاں شروع کر دیں۔ حادثہ کو دیکھ کر یوں معلوم ہوتا تھا کہ شاید کوئی مسافر بھی زندہ نہ بچا ہو گا لیکن اللہ تعالیٰ کی قدرت نے ایسا معجزہ دکھایا کہ ڈرائیور سمیت صرف 9 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ انجن ڈارئیور نے 100 افراد پر جا کر بریک لگائی۔
اگر انجن کے ساتھ مسافر بوگیاں بھی ہوتی تو انسانی جانوں کا نقصان ہو سکتا تھا۔ اطلاع ملتے ہی ایم ایس کروڑ ڈاکٹر محبوب حسنین قریشی ہسپتال پہنچ گئے۔ لیکن ایمرجنسی ڈاکٹر حادثہ ہونے سے 2 گھنٹے تک ہسپتال میں نہ پہنچ سکا۔ جس پر لواحقین اور شہریوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن ، ایم پی اے عبدالمجید خان نیازی ، اے ڈی سی جی ڈاکٹر لبنیٰ نذیر ، سابق ایم پی اے ملک عبدالشکور سواگ ، ریلوے حکام اور ٹی ایم او سمیت دیگر افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ اور بعد ازاں کروڑ ہسپتال پہنچے اور زخمیوں کی عیادت کی۔
کروڑ لعل عیسن کے شہریوں نے مسافروں کے معجزانہ طور پر بچ جانے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ حادثہ میں زخمی ہونے والے افراد میں تنویر عباس ولد عطا محمد بھنڈ بلوچ کروڑ گرہ شمالی ، مختیار حسین ولد احمد بخش بھنڈ گراہ شمالی ، عدنان مجید ولد ملک عبدالحمید ارائیں کروڑ ، محمد جلال ولد عبدالکریم دولتانہ لڈن ضلع وہاڑی ، ظفر ولد سکندردلتانہ وہاڑی ، ریاض حسین ولد مشتاق حسین قوم شیخ ڈپھی و دیگر شامل ہیں۔