سڑکوں پر رواں دواں ان فٹ گاڑیاں متعلقہ حکام کیلئے چیلنج بن گئیں۔مسافروں کا خادم اعلیٰ سے فوری نوٹس لینے کامطالبہ

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (پریس ریلیز) :فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،چنیوٹ میں ٹرانسپورٹ مافیا نے ویگنوں میں ناقص و غیر معیاری ایل پی جی سلنڈرز لگا کر ہزاروں مسافروں کی جانوں کو دائو پر لگا دیاہے جبکہ سخت ترین حکومتی احکامات اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود زائد کرایوں کی وصولی اور اوور لوڈنگ میں بھی کوئی کمی نہ ہو سکی ہے نیز سڑکوں پر رواں دواں ان فٹ گاڑیاں متعلقہ حکام کیلئے چیلنج بن گئی ہیں جس پرمسافروں نے خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے صورتحال کافوری نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔ فیصل آباد سمیت ڈویژن کے چاروں اضلاع کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر بسلسلہ روزگار ، ملازمت ، تعلیم و تدریس ، کاروبار اور دیگر امور کے باعث سفر کرنے والے مسافروں کی بڑی تعداد نے میڈیاسے بات چیت کے دوران بتایاکہ فیصل آباد ڈویژن میں ٹرانسپورٹ مافیا اور متعلقہ حکام کی مبینہ ملی بھگت سے ٹریفک رولز کی دھجیاں بکھیرنے کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔

انہوںنے بتایاکہ اکثریتی ہائی ایس ویگنوں میں 4 سیٹوں کی بجائے پھٹے کی جگہ پانچویں سیٹ لگا کر 15 سیٹر منظور شدہ ویگنوں کو 22 سیٹر میں تبدیل کرلیاگیاہے۔ انہوںنے کہاکہ اسی طرح 13سیٹر منظور ہائی روف اور ون ٹی آر گاڑیوں کو بھی 18سیٹر میں تبدیل کیاجاچکاہے اس طرح جہاں ٹوکن ٹیکس کی مد میں خزانہ سرکار کو لاکھوں روپے کانقصان پہنچایاجارہاہے وہیں اوور لوڈنگ کے ذریعے مسافروں کی مشکلات میں بھی اضافہ کر دیا گیاہے حتیٰ کہ کسی بھی ایمرجنسی یاحادثہ کی صورت میں مسافروں کا ویگنوں سے بچ نکلنا ممکن ہی نہیں رہا۔ انہوںنے کہاکہ ویگن و بس مالکان انتہائی دیدہ دلیری سے 74 پیسے فی کلومیٹر کی بجائے ہر روٹ پر دوگنا کرائے وصول کررہے ہیں مگر متعلقہ حکام صرف اجلاسوں اور کاغذی کاروائی سمیت بیانات تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں لیکن عملی طور پر ٹرانسپورٹ مافیا کے خلاف کوئی کریک ڈائون نہیں کیاجارہا۔

انہوںنے کہاکہ ہائی ایس ، ہائی روف ، ون ٹی آر ویگنیں اصل میں پٹرول پر چلنے کیلئے ڈیزائن کی گئی ہیں مگر ٹرانسپورٹ مافیانے سستی ایل پی جی گیس سے استفادہ اورزیادہ منافع کمانے کیلئے مقامی سطح پر تیارکردہ غیر معیاری ، ناقص ، گھٹیا، خطرناک ایل پی جی سلنڈر لوکل طریقے سے گاڑیوں میں سیٹوں کے نیچے فٹ کروا لئے ہیں جس سے حادثات اور سلنڈر پھٹنے کے باعث مسافروں کی شرح اموات میں زبردست اضافہ ہو گیاہے۔ انہوںنے کہاکہ مسافروں کے واویلا کے باوجود بڑی تعداد میں ان فٹ گاڑیاں سڑکوں پر رواں دواں ہیں جن کے گیٹ تک بھی ٹھیک نہیں اس طرح کسی حادثہ کی صورت میں گیٹ نہ کھل سکتے ہیں جس سے حادثات کی سنگینی میں اضافہ اور قیمتی جانیں ضائع ہونے کابھی خدشہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ افسوسناک امریہ ہے کہ متعلقہ ادارے پراسرار خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں اور ٹرانسپورٹ مافیا کو مسافروں کی جیبوں پر دن دیہاڑے ڈاکے ڈالنے اور ان کی قیمتی جانوں سے کھیلنے کی چھٹی دے دی گئی ہے ۔ انہوںنے خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے اپیل کی کہ وہ اس المناک صورتحال کافوری سختی سے نوٹس لیں اور دیگر شعبہ جات کی طرح بااثر ٹرانسپورٹ مافیا کے ساتھ بھی آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے۔