لاہور (جیوڈیسک) راستوں کی بندش کے باعث لوگوں نے ریلوے سٹیشنز کا رخ کر لیا جس کی وجہ سے ٹرینوں میں رش بڑھ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور سے چلنے والی ٹرینوں میں مسافروں کا رش دیکھنے میں آیا ،راستے بندہونے سے مسافروں نے ٹرینوں میں سفر کیا اور خاص طور پر لاہور سے چلنے والی ٹرینیں ریل کار راولپنڈی،فیصل آباد نان سٹاپ،فیض احمد فیض ایکسپریس اور دیگر پسنجر ٹرینوں میں مسافروں کا رش رہا ،اسی طرح لاہور سے ملتان اور کراچی جانے والی ایکسپریس ٹرینوں میں بھی کوئی جگہ نہیں تھی۔ لاہور ریلوے سٹیشن پر سارا دن مسافروں کا رش رہا اور شہری ٹرینوں کے انتظار میں پلیٹ فارموں پر بیٹھے رہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کراچی ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس، تیز گام، فرید ایکسپریس، علامہ اقبال ایکسپریس، ریل کار راولپنڈی اور نان سٹاپ اسلام آباد میں مسافروں کا رش رہا۔
دریں اثنا کراچی اور کوئٹہ سے لاہور آنے والی بعض ٹرینیں گھنٹوں تاخیر سے پہنچیں جس سے مسافروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑاجبکہ لاہور سے کراچی جانیوالی ٹرینیں تاخیر سے روانہ ہوئیں۔
گزشتہ روز کوئٹہ سے لاہور آنے والی اکبر ایکسپریس 7 گھنٹے 35 منٹ لیٹ پہنچی،جعفر ایکسپریس 2 گھنٹے 30 منٹ ،کراچی ایکسپریس 3 گھنٹے عوامی ایکسپریس 2 گھنٹے 25 منٹ جبکہ علامہ اقبال ایکسپریس2 گھنٹے 20 منٹ لیٹ پہنچی، علاوہ ازیں لاہور سے چلنے والی ٹرینیں نائٹ کوچ،اکبر ایکسپریس اور کراچی ایکسپریس تاخیر سے روانہ ہوئیں۔