خانیوال (راشد ملک سے) مسافروں ویگنوں میں غیر معیار سلنڈر نصب، چلتے پھرتے بم بن گئے، ٹریفک پولیس سمیت متعلقہ اداروں کی خاموشی، روزانہ سینکڑوں مسافروں کی جانیں دائو پر لگنے لگیں ،ڈی ایس پی ٹریفک دفتری کاروائیوں تک محدود بڑے جانی نقصان کا خدشہ ، وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیل کے مطابق خانیوال شہر سے گردنواح کے علاقوں میںجانے والی مسافروں ویگنوں میں ڈرائیوران نے غیر معیاری اور ناقص گیس سلنڈر لگائے ہوئے اور بغیر کسی خوف کے دنداتے ہوئے روزانہ سینکڑوں مسافر وں کی جانوں کی بازی لگاتے ہوئے ڈرائیونگ کرتے ہیں۔
جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی جانب سے سختی سے احکامات جاری کئے گئے تھے کہ پنجاب بھر میں غیر معیاری اور ناقص سلنڈر استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کی جاسکے لیکن خانیوال میں ڈی ایس پی ٹریفک خالد قریشی صرف دفتری کاروائیوں تک محدود ہیں اور روڈ ز پر جاکر غیر معیاری اور ناقص سلنڈر استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کسی قسم کی کوئی کاروائی نہیں کی کرتے جس کے باعث روزانہ سینکڑوں مسافروں کی قیمتی جانیں دائو پر لگتی ہیں ۔ جبکہ باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بااثر افراد کی جانب سے ٹریفک پولیس کو ماہانہ منتھلی دی جاتی ہے جس کی وجہ سے ایسی غیر معیاری سلنڈر استعمال کرنے والی گاڑیوں کی چیکنگ نہیں کی جاتی ۔عوامی سماجی حلقوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال جہانزیب نذیر خان سمیت اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کام نہ کرنے والے ٹریفک ملازمین کے خلاف کارائی کرتے ہوئے فوری نوٹس لیں تاکہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔