اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ ماضی میں فوجی عدالتیں جمہوریت کو ختم کرنے کےلیے تھیں،اس بار جمہوریت کو بچانے اور دہشت گردی کے خاتمے کےلیے بنائی گئی ہیں۔
وزیر اطلاعات نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جمہوریت اور دہشت گردی ایک دوسرے کی ضد ہیں۔ ہمارا واسطہ اس عفریت سے پڑا ہے جو بندوق کے زور پر اپنا ایجنڈا نافذ کرنا چاہتی ہے، جو نا قابل قبول ہے۔ ہمیں اپنی نسلوں کو ان وحشیوں اور جانوروں سے بچانا ہے، چاہے میری اپنی جان کیوں نہ چلی جائے۔
اگر ہم آج خوف کھا گئے تو دہشت گرد ا س ملک کو قبرستان بنا دیں گے، جو انشاللہ کھبی نہیں ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کابل کا امن اتنا ہی عزیز ہے جتنا اسلام آباد کا،وزیر اعظم نواز شریف نے افغانستان کو ایک سوچ پر لانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
دونوں ملک مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ کریں گے۔امن اس خطےکا مشترکہ اثاثہ ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ انشا اللہ ہمیں یقین ہے عمران خان پارلیمنٹ میں واپس آئیں گے، عمران خان ہمارے ساتھ مل کر جمہوریت کو مستحکم کریں گے۔