بالی ووڈ کی مشہور زمانہ فلم ارتھ کا پاکستانی ریمیک بنانے پر فلم پروڈیوسر کا مہیش بھٹ سے اختلاف ہوگیا۔ اسی کی دہائی میں بنائی گئی اس نغماتی فلم میں شبانہ اعظمی، راج کرن اور سمیتا پاٹیل نے کام کیا تھا۔ میاں بیوی کے نازک اور بنتے بگڑتے رشتے کی کہانی ارتھ کلاسیکل فلموں میں شمار ہوتی ہے۔ اس فلم کے نغمے آج بھی سب کے ذہنوں میں محفوظ ہیں جو گلوکار جگجیت سنگھ نے گائے تھے۔
فلم کی اسی مقبولیت کو دیکھ کر پاکستانی اداکار و ہدایتکار شان نے فلم کا پاکستانی ری میک بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں مہیش بھٹ سے اجازت بھی حاصل کرلی۔ مہیش بھٹ کے اجازت نامے کی خبر اخبار میں پڑھ کر فلم پروڈیوسر کلجیت پال کا مہیش بھٹ سے اختلاف ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی کلاسیکل فلم کا پاکستانی انداز میں ری میک شاید فلم کی خوبصورتی کو گہنا دے مگر ان کے ان اعتراض کو مہیش بھٹ نے یہ کہہ کر رد کر دیا کہ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ شان اس فلم کے ساتھ بھرپور انصاف کریں گے۔ فلم میں ہمیمہ ملک سمیتا پٹیل، عظمی حسین شبانہ اعظمی اور شان مرکزی کردار ادا کریں گے۔