کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرسچن ڈیموکریٹک یونین آف پاکستان کے چیئرمین نعیم کھو کھر نے چیف آف آرمی اسٹاف، سپریم کورٹ آف پاکستان اور چیئرمین نیب سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ احتساب کے دائرہ کار میں سابقہ اور موجودہ اقلیتی اراکین اسمبلی و سنیٹرز کی لوٹ مار کا بھی احتساب کریں کیوںکہ مخصوص نشستوں پر منتخب ہو کریہ نمائندے قومی خدمت کے بجائے اپنی پارٹی اور ذات کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں۔
نعیم کھو کھر نے اپنے بیان میں مزید کہاکہ غیر مسلم اقلیتوں کو براہ راست اپنے نمائندوں کے انتخاب کے حق سے محروم کئے جانے کے بعد سے اب تک مسیحی عوام سمیت تمام غیر مسلم اقلیتیں گھمبیر مسائل کا شکار ہیں اور ان کی داد رسی کرنے والا کوئی نہیں نعیم کھو کھر نے کہا کہ جو لوگ کل تک معمولی اسکول چلاتے تھے وہ آج اپنی قوم کا سودا کرکے ارب پتی بن چکے ہیں جبکہ صورتحال واضح ہے کہ کراچی سمیت پورے ملک میں غیر مسلم اقلیتوں کی آبادیاں نہ صرف تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں بلکہ اقلیتی عوام اپنے نمائندوں کے ہوتے ہوئے عدم تحفظ کا شکار ہیں۔