کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے محکمانہ کارکردگی کو مزید بہتر بنا یا جائے ،سہولیات عوام کی دہلیز تک فراہمی بلدیاتی اداروں کی اولین ذمہ داری ہے بہتر حکمت اور عوامی تعاون اور مشاورت عوامی خدمات کی انجام دہی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف آفیسر کمال مصطفی کے ہمراہ ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل ٹائون کے تمام محکمہ جاتی افسران کے ہمراہ علاقائی ترقی اور عوامی خدمت کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات اور اقدامات کے جائزے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر TMAشاہ فیصل کے تمام ٹائون افسران ،ڈپٹی ٹائون افسران اور علاقائی ذمہ دران بھی موجود تھے۔
رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل کی جانب سے علاقائی ترقی اور صاف ستھرے صحت مند ماحول اور خصوصاً مذہبی تہواروں میں عوامی خدمات کے حوالے سے مثالی فرائض کی انجام دہی کو سراہتے ہوئے کہاکہ افسران وملازمین سے کہا کہ عوامی خدمت عبادت ہے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی اور لاپرواہی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے انہوں نے تمام محکما جاتی افسران سے کہاکہ وہ علاقائی مسائل کے بروقت حل کے لئے علاقائی نگرانی کا موثر نظام قائم کریں اور عوامی تعاون و مشاورت کے ساتھ علاقائی ترقی اور عوامی خوشحالی کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچا ئیں نشاط ضیاء قادری نے متعلقہ افسران سے کہاکہ شاہ فیصل ٹائون میں صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ فیملی پارکوں اور کھیل کے میدانوں کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنا ئیں انہوں نے شاہ فیصل ٹائون کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنا نے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ انسداد تجاوزات سے کہا کہ وہ تجاوزات کے خاتمے اور شاہراہوں پر قائم غیر قانونی رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف آفیسر کمال مصطفی نے کہاکہ شاہ فیصل ٹائون میں بسنے والے ہر فرد بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا عزم لیکر بلا تفریق علاقائی ترقی کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے تمام افسران سے کہاکہ وہ تندہی کے ساتھ عوامی خدمت کے فرائض کی انجام دہی کو اپنا شعار بنائیں چیف آفیسر نے کہا کہ ماضی کی طرح شاہ فیصل ٹائون کی علاقائی ترقی اور عوامی خوشحالی کے منصوبوں کو عوامی تعاون اور مشاورت کے ساتھ انجام دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ شاہ فیصل ٹائون کا آئندہ مالی سال کے بجٹ کو عوامی مشاورت کے ساتھ ترتیب دیا جائے گا۔کمال مصطفی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اراکین اسمبلی اور عوام کے تعاون کے ساتھ شاہ فیصل ٹائون کو مثالی اور مسائل سے پاک بنایا جائے گا۔