ماضی میں سلمان خان کی مدد کرن جوہر کی کامیابی کا راز بن گیا

Salman Khan

Salman Khan

ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے جہاں متعدد اداکاروں کو فلم نگری میں متعارف کروا کر مقبول کروایا، وہیں معروف ہدایت کار کرن جوہر کی پہلی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کو کامیاب بنانے کے پیچھے بھی ان کا اہم کردار ہے۔

حال ہی میں کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی سپر ہٹ فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کو بنے 20 برس مکمل ہوئے جس کے لیے کرن جوہر نے خصوصی تقریب کا بھی اہتمام کیا تھا۔

اس موقع پر فلم میں اہم کردار نبھانے والے شاہ رخ خان، کاجول اور رانی مکھرجی سمیت متعدد بالی وڈ ستاروں نے شرکت کی جب کہ فلم میں معاون کردار نبھانے والے سلمان خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کرن جوہر اور فلم کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

اس دوران سلمان خان نے انکشاف کیا کہ وہ اس فلم کے لیے تیار نہیں تھے تاہم اپنی بہن الویرا کی وجہ سے انہوں نے رضامندی ظاہر کی۔

انہوں نے بتایا کہ کرن جوہر نے ان کی بہن سے ملاقات کی اور کہا کہ میری پہلی فلم ہے جس میں فلم کی کاسٹ مکمل ہے لیکن کوئی بھی امن کے کردار کو کرنے کے لیے تیار نہیں ہورہا کیونکہ یہ مختصر کردار ہے۔

بعدازاں الویرا نے سلمان خان کو کہا کہ کرن جوہر فلم نگری میں نئے ہیں، کوئی امن کے کردار کے لیے راضی نہیں ہے، ان کی مدد کرنی چاہیے کیونکہ وہ ایک اچھے انسان ہیں۔

جس پر سلمان خان نے اپنی بہن کی بات کو مانتے ہوئے کرن جوہر سے ملاقات کی اور امن کے کردار کے لیے راضی ہوگئے جو اگرچہ مختصر تھا لیکن فلم بینوں کی جانب سے سب سے زیادہ پسند کیا گیا۔

ویڈیو پیغام میں دبنگ خان نے کرن جوہر کے ساتھ ایک بار پھر کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا اور ان کے کام کو قابل ستائش قرار دیا۔