لاہور (جیوڈیسک) عوامی تحریک کا دھرنا تو سحری کے وقت ختم ہوگیا لیکن مال روڈ گندگی سے بھر گیا۔
سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا عملے نے پندرہ من کچرا اٹھایا ، عوامی تحریک کے کارکنوں نے اپنے قائد کی بات نہ مانی ، مال روڈ پر ڈھیروں ڈھیر کچرا پھینک گئے ۔ خاکروبوں کو صفائی کرنے میں کئی گھنٹے لگ گئے۔ عوامی تحریک کا دھرنا سحری کے بعد ختم ہوگیا ۔ دھرنے کے شرکاء جاتے جاتے بچا ہوا کھانا ، خالی پلیٹیں اور بوتلیں چھوڑ گئے ۔ مال روڈ کچرا گھر بن کرر ہ گیا۔
سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ صبح چار بجے دھرنے کی جگہ پہنچا اور صفائی شروع کردی ۔ 15 خاکروبوں نے چار گاڑیوں کے ذریعے کئی گھنٹے لگا کر پندرہ من کچرا اٹھایا ۔ دھرنے والے کرسیاں اور کنٹینر بھی وہیں چھوڑ گئے جسے انتظامیہ کو ہی اٹھانا پڑا ۔ خدا خدا کرکے مال روڈ صاف ہوا اور اسے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔