عوامی تحریک کے یوم شہداء پر اندرون سندھ تقریبات کا انعقاد

Sindh

Sindh

سندھ (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک نے یوم شہداء کے موقع پر حیدرآباد سمیت مختلف شہروں میں قرآن خوانی کے اجتماعات کا انعقاد کیا جبکہ مسلم لیگ ق اور مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے بھی شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یاد میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا،تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے یوم شہداء کے موقع پر حیدرآباد پریس کلب کے سامنے کیمپ لگایا گیا، جس میں مرد و خواتین کارکنان نے شرکت کی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کی، قرآن خوانی کے آخر میں مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی صدر خالد راجپوت، تحریک منہاج القرآن کے ڈویژنل ناظم شہزاد قریشی، نایاب انصاری، جان محمد بروہی، علامہ عرفان چشتی، ڈاکٹر مسعود جمالی، مسلم لیگ (ق) کے چوہدری مظہر الحق، ناصر بلوچ ودیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے جس طرح پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان پر ظلم کیا اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، حکمرانوں نے بدحواسی کا شکار ہوکر پنجاب کے عوام کا جینال محال کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومتیں پورے ملک کو اپنے آمرانہ طرز عمل اور بادشاہت کے ذریعے چلانا چاہتی ہیں، آج پورا پنجاب میدان جنگ بن چکا ہے، حکمران پاکستان عوامی تحریک کے نہتے کارکنان کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں۔

وہ پورے پنجاب کو قبرستان بنادینا چاہتے ہیں لیکن حکمران یہ بھول رہے ہیں کہ اب ان کا یوم احتساب بہت قریب ہے، چاہے وہ جتنے مظالم کرلیں پی اے ٹی کے کارکنان تمام ظلم برداشت کریں گے، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے اقتدار کا سورج غروب ہونے والا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک ضلع سکھر کے زیر اہتمام سکھر پریس کلب کے سامنے سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بننے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اتحادی جماعتوں کے ہمراہ کیمپ لگایا گیا۔