فیصل آباد: موبائل ایسوسی ایشن کچہری بازار کے صدر چوہدری خالد جٹ نے کہا ہے کہ عوامی تحریک کے جانب سے دوکانداروں کو حراساں کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ عوامی تحریک نے شہر میں دہشت کا سماء بنا رکھا تھا۔
ڈنڈا بردار افراد شہریوں سے بدتمیزی اور انہیں زدوکوب کرتے رہے۔ عوامی تحریک کی جانب سے ریلی کے دوران کارکنوں کی جانب سے توڑ پھوڑ کی گئی ‘ کئی شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور دوکانوں کو زبردستی بند کروایا گیا جس کی وجہ سے تاجروں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
پرامن احتجاج کی آڑ میں توڑ پھوڑ اور دوکانیں بند کروانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ پاکستان عوامی تحریک کے عہدیدار فیصل آباد کی عوام سے معافی مانگیں اور توڑ پھوڑ کے نتیجے میں ہونیوالے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔
خالد جٹ نے کہا کہ فیصل آباد ایک پرامن شہر ہے اور کسی جماعت کو محض اپنے ذاتی مفادات کی خاطر شہر کا امن خراب نہیں کرنا چاہئے۔