نئی دہلی (جیوڈیسک) پٹھان کوٹ ائیر بیس حملے کے بعد پاک بھارت تعلقات میں روایتی کشیدگی نہیں آئی۔ ترجمان بھارتی وزارت خارجہ وکاس سوارپ نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ بھارت پاکستان سمیت تمام ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے لیکن خطے میں امن کیلئے پاکستان کو پہل کرنی ہے۔
ہمسایہ ملک کو پٹھان کوٹ ائیر بیس حملے سے متعلق قابل عمل معلومات دی ہیں۔ اب بال پاکستان کے کورٹ میں ہے۔ انتظار میں ہیں کہ پاکستان فراہم کردہ معلومات پر کیا ایکشن لیتا ہے۔ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کے حوالے سے سوال کے جواب میں وکاس سوارپ کا کہنا تھا کہ پندرہ تاریخ ابھی سات دن دور ہے۔
اس دوران حالات میں کافی تبدیلی آ سکتی ہے۔ پاکستان کی جانب سے کرائی گئی یقین دہانیوں پر کام ہوا تو حالات یقینا مثبت سمت میں جائیں گے۔ پاکستان سے متعلق ہماری پالیسی واضح ہے بنکاک ملاقات میں تمام امور پر گفتگو ہوئی تھی۔