لاہور (جیوڈیسک) پٹھان کوٹ ایئر بیس حملے کے بعد پاک بھارت مذاکرات کا مستقبل خطرے میں پڑنے لگا ہے۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان سے سیکریٹری خارجہ ملاقات موخر کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کیساتھ بات چیت سے پہلے پٹھان کوٹ کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔ دوسری جانب بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات پر کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
نیشنل سیکیورٹی میٹنگ کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے بھارتی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن چل رہا ہے۔ دہشتگردوں کی شناخت کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔
انہوں نے بتایا کہ دہشتگردوں کے پاس دھماکا خیز مواد بھی تھا تاہم تمام اثاثے محفوظ ہیں۔