نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی سیکیورٹی حکام نے پاکستانی تحقیقاتی ٹیم سے دورہ پاکستان کی درخواست کردی جس کا پاکستانی ٹیم کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی تحقیقاتی ٹیم اور بھارتی انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کے درمیان ملاقات انتہائی مثبت رہی جب کہ پاکستانی ٹیم نے پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات سے متعلق بھارتی نتائج کی مخالفت نہیں کی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے پٹھان کوٹ حملے سے متعلق تفتیش مکمل کرلی ہے، اس دوران پاکستانی ٹیم کو پٹھان کوٹ حملے کے 16 گواہوں تک رسائی دی گئی جن میں ایس پی گورداس پورسلویندرسنگھ سمیت ان کے دیگر ساتھیوں سے بھی سوالات کیے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی انویسٹی گیشن ایجنسی نے پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کیلیے دورہ پاکستان کی درخواست کی جس کا پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے خیر مقدم کیا ہے تاہم بھارت کی جانب سے ٹیم بھیجنے کی کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستانی تحقیقات ٹیم کو دہشت گردوں سے متعلق کچھ دستاویزات بھی فراہم کی گئی ہیں جن میں ان کے ڈی این اے سمیت دیگر کوائف شامل ہیں۔
واضح رہے بھارت کے پٹھان کوٹ ایئربیس پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 7 بھارتی دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے جس کے بعد بھارت نے حسب روایت پاکستان پر دہشت گردی کا الزام عائد کیا تھا جب کہ پاکستان کی جانب سے تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم 27 مارچ کو بھارت گئی تھی جو آج وطن واپس آچکی ہے۔