اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم رواں ہفتے پٹھان کوٹ واقعہ کی تحقیقات مکمل کر لے گی۔
سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق اپنے ایک انٹرویو میں طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملے کی تحقیقات درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی اسی ہفتے اپنی تحقیقات مکمل کرلے گی، جس کے بعد خصوصی ٹیم بھارت کا دورہ بھی کرے گی۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ آئندہ سارک کانفرنس پاکستان میں ہوگی، جس کی تاریخوں کے تعین کے لئے رکن ممالک سے مشاورت جاری ہے، سارک کانفرنس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی شرکت بھی متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے قیام کے لئے پاکستان ہر ممکن تعاون کررہا ہے، افغان امن عمل میں پاکستان اور چین معاون کا کردارادا کررہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ عمل افغان حکومت کی زیرقیادت ہو۔