اسرائیل (اصل میڈیا ڈیسک) اسرائیلی ریاست کے نئے وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے کہا ہے ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔وہ مزید تشدد اور غزہ سے راکٹ فائر کو برداشت نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گرد تنظیموں کے دباوٗ میں نہیں آئیں گے اور ان کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے۔
پہلے سیکیورٹی اجلاس کے بعد ایک بیان میں انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم غزہ کی پٹی کے رہائشیوں کے ساتھ کسی تنازع میں ملوث نہیں ہونا چاہتے۔ جوہم پر حملہ نہیں کرتے ہم ان کا کوئی نقصان نہیں کریں گے۔
حماس کی جانب سے دو لاپتہ فوجیوں اور اسرائیلی شہریوں کی سات سالوں سے واپسی کو نظرانداز کرنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہم ان کو واپس کرنے کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
قبل ازیں بینیٹ نے کہا تھا کہ وہ اور ان کی حکومت کے ارکان اسرائیلی عوام کے ملازم ہیں۔
اسرائیلی کابینہ نے اتوار کو سیکیورٹی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کے لیے ایک اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سلامتی کی صورت حال پر غور کیا گیا۔