گجرات: صبر وتحمل، عفو درگز اور برداشت گلشن اسلام کے عظیم پھول ہیں۔ تلاوت قرآن، تزکرہ مفہوم قرآن اور حمد ونعت دینی محافل کا حسن ہیں۔ ذکر آمد رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سب سے پہلی محفل عرش الٰہی پر رب العالمین نے سجائی اور پھر اس کا تذکرہ کتاب لاریب میں فرمایا: ان خیالات کا اظہار مفتی اسلام صاحبزادہ پیر محمد عثمان افضل قادری زیب سجادہ نیک آباد شریف نے ٹبی گجراں میں عظیم الشان محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع غلامان رسول نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جبکہ علماء کرام، قرآء عظام، ثناء خوان رسول نے بھی اپنی اپنی حاضریاں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مملکت خدا داد اور اولیاء اللہ کا فیضان ہے، اولیاء اللہ کے ماننے والے پاکستان کی سلامتی او استحکام کیلے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوںنے کہا کہ معاشرہ کو اس وقت روحانی اقدار اور اخلاقی تربیت کی شدید ضرورت ہے۔
جس کیلئے مذہبی رہنمائوں کو مؤثر اور زبردست حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ نیک آباد شریف میں کمپیوٹر لیپ ٹاپ اور موبائل فون کیلئے جدید اسلامی سافٹ ویئر تیار کئے گئے ہیں اور مزید کئے جارہے ہیں۔ بعد ازاں وہ بھکھی شریف گئے جہاں انہوں نے جے یو پی کے رہنماء اور مسلم لیگ ن کے ایم پی اے پیر سید محفوظ شاہ مشہدی کی اہلیہ محترمہ کے وصال پر فاتحہ خوانی اور تعزیت کی۔