اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں آج اب تک کورونا وائرس سے مزید 24 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 385 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 16817 تک جا پہنچی ہے۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 146 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 112 اور پنجاب میں 106 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔
آج کے کیسز کی صورتحال آج بروز جمعہ ملک بھر سے اب تک کورونا کے مزید 344 کیسز سامنے آچکے ہیں اور 24 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جن میں سے خیبرپختونخوا سے 314 کیسز اور 24 ہلاکتیں اور اسلام آباد سے 30 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
خیبرپختونخوا خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جمعرات 30 اپریل کو کورونا وائرس کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے تھے تاہم آج جمعہ کو جاری اعداد و شمار میں مزید 314 کیسز اور بڑی تعداد میں 24 ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں۔
صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا نے صوبے میں نئے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کی۔
خیبرپختونخوا میں کوروناکے مجموعی کیسز کی تعداد 2627 اور ہلاکتیں 146 ہوچکی ہیں جب کہ صوبے میں اب تک کورونا سے 654 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
اسلام آباد وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 30 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔
پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 343 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
سندھ صوبے میں جمعرات کو کورونا وائرس کے مزید 358 کیسز سامنے آئے اور 12 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 6053 اور اموات 112 ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 53مریض صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1222 ہوگئی ہے۔
پنجاب پنجاب سے جمعرات کو کورونا کے مزید 513 کیسز سامنے آئے اور 6 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6340 اور ہلاکتیں 106 ہوگئی ہیں۔
پنجاب میں اب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1921 ہوگئی ہے۔
بلوچستان بلوچستان میں جمعرات کو کورونا کے مزید 75 کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی۔
محکمہ صحت کےمطابق صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1049 ہوگئی ہے جب کہ 14 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
بلوچستان میں اب تک کورونا وائرس سے 183 افراد صحت یاب بھی ہوگئے ہیں۔
گلگت بلتستان گلگت بلتستان میں جمعرات کو کورونا کے 6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 339 تک پہنچ گئی۔
محکمہ صحت کے مطابق اب تک 248 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں اور کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔
دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال
کورونا ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کے بعد آکسفورڈ یونیورسٹی کی بڑی پیشرفت برطانیہ میں تیاری کی گئی کورونا وائرس کی ویکسین کی وسیع پیمانے پر تیاری کے حوالے سے بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کے جینر انسٹیٹیوٹ نے گزشتہ ہفتے اپنی تیار کردہ ویکسین کی انسانوں پر آزمائش شروع کی تھی اور اس عمل کے لیے سیکڑوں لوگوں نےرضاکارانہ طور خود کو پیش کیا تھا۔
ملیریا کے بعد ایک اور اینٹی وائرل دوا کا کورونا مریضوں پر مثبت اثر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہا ہے کہ اینٹی وائرل دوا Remdesivir کے کورونا مریضوں پر مثبت اثرات سامنے آئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کیسز ہماری سوچ سے کم ہیں: وزیراعظم وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر مکمل لاک ڈاؤن کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز ہماری سوچ سے کم ہیں، وبا کب تک چلے گی کہنا مشکل ہے۔
ڈومیسٹک فلائٹ آپریشنز کی بندش میں 7 مئی تک توسیع ملک بھرکے ائیرپورٹس سے علاقائی فضائی آپریشن کی بندش میں 7 مئی تک توسیع کردی گئی۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پابندی کے دوران خصوصی پروازوں سمیت سفارتکاروں اور کارگو پروازوں کو آپریشن کی اجازت ہوگی۔
خیال رہے کہ سول ایوی ایشن نے بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 15 مئی تک توسیع کر رکھی ہے۔
ملک گیر جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کر دی ہے۔
رمضان سے مسافر ٹرینوں کی بحالی ایک بار پھر مؤخر ملک میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے مسافر ٹرینوں کی یکم رمضان سے بحالی ایک بار پھر مؤخر کردی گئی ہے۔
کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے گائیڈ لائنز عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔
گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔