کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ڈینگی سے عوامی زندگیوں کو محفوظ بنا نے کے لئے بلدیاتی اداروں کو قبل ازوقت اقدامات بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ مکھی مچھروں کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کر کے علاقائی مسائل اور صفائی وستھرائی اور صحت مند ماحول کے حوالے سے عوامی شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران سے کہاکہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر مہم کا آغاز کیا جائے امراض کے تدارک کے ساتھ ڈینگی کے پھیلائو کو روکنے اور ڈینگی سے عوامی زندگیوں کو محفوظ بنا نے کے لئے احتیاطی تدابیر سے عوامی شعور کی آگاہی مہم چلا ئی جائے ۔دورے کے موقع پر مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گلیوں اور محلوں کو صاف ستھرا رکھیں اور مکھی مچھروں سے بچائو کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
اس موقع پر عوام کی جانب سے علاقائی مسائل اور صفائی وستھرائی کے حوالے سے شکایات سننے کے بعد موقع پر موجود افسران کو علاقائی مسائل اور صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔