پٹنہ : عالم گنج میں مسلمانوں کا نمائندہ اجتماع، اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی سخت الفاظ میں مذمت

Israel Attack

Israel Attack

پٹنہ (کامران غنی سے) غزہ میں مظلوم اور بے قصور فلسطینیوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے خلاف جمعہ کی نماز کے بعد عالم گنج میں دلال جی کی جامع مسجد میں مسلمانوں کا ایک نمائندہ اجتماع ہوا جس میں غزہ میں ہونے والے واقعات پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے بے قصور اور مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی شدید مذمت کی گئی۔

حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ سفارتی سطح پر اسرائیل کی اس بربریت کے خلاف احتجاج کرے۔ا جتماع کی صدارت ممتاز عالم دین اور خطیب مولانا فضل کریم قاسمی نے کی۔ انہوں نے تفصیل سے غزہ میں ہونے والے حالیہ واقعات کا ذکر کیا اور اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ چند ملی رہنمائوں اور اداروں کے علاوہ بڑے ملی اور مذہبی ادارے اس سلسلے میں خاموش ہیں۔ جبکہ انہیں پہل کر کے اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے تعلق سے واضح اور مضبوط حکمت عملی بنانی چاہئے۔

اس موقع پر اجتماع میں موجود لوگوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مفید مشورے دئے۔ الحراء پبلک اسکول شریف کالونی کے استاد مولاناانظار احمد صادق نے مشورہ دیا کہ اس وقت ملت اسلامیہ پر جو افتاد آ پڑی ہے اس کے پیش نظر تمام مساجد میں” قنوت نازلہ ”کا اہتما م کیا جانا چاہئے کیونکہ ایسے حالات میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہی عمل رہا ہے۔ الحراء پبلک اسکول شریف کالونی کے پرنسپل سرفراز عالم کی اس تجویز اور مشورے سے لوگوں نے اتفاق کیا کہ مسلمانوں کا ایک نمائندہ وفد بہار کے بڑے ملی اور مذہبی اداروں کے ذمہ داران اور خانقاہوں کے سجاد گان سے ملاقات کرے اورانہیں ان کی ذمہ داریاں یاد دلائے۔

سرفراز عالم کی اس تجویز کو منظور کرتے ہوئے یہ بات طئے کی گئی کہ ایک نمائندہ وفد جماعت اسلامی، امارت اہل حدیث ، ادارۂ شرعیہ بہار، امارت شرعیہ، جمعیت علماء بہارکے ذمہ داروں اور پٹنہ کی مقامی خانقاہوں کے سجادگان سے ملاقات کرے اور ا ن سے گزارش کرے کہ اس وقت عالم گیر سطح پر جو مصیبت آ پڑی ہے، خاص طور پر غزہ کے علاقوں میں فلسطینیوں پر جو مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اس کے خلاف پر امن اور جمہوری طریقے سے صدائے احتجاج بلند کرنے کے لئے کوئی متحدہ حکمت عملی طئے کریں۔اور مشترکہ طور پر ایک ایسا لائحہ عمل تیار کریں کہ ایک طرف جہاں ان مظلوموں کے حق میں ہم متحد ہوکر کھڑے نظر آئیں وہیں اس بات کا بھی ہم عملی ثبوت پیش کریں کہ اس سنگین معاملے میںپوری ملت اسلامیہ نہ صرف فلسطینیو ں کے غم میں برابر کی شریک ہے بلکہ قدم بہ قدم ان کے ساتھ ہے۔

اس سلسلے میں آئندہ اتوار 20جولائی کو پہلے مرحلے میں مولانا فضل کریم قاسمی کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد جماعت اسلامی، امارت اہل حدیث اور اداہ شرعیہ کے ذمہ داروں سے ملاقات کر کے ان سے فلسطینیوں پر اسرائیلی کے ظالمانہ حملے اور اس سے پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کرے گا اور اس سلسلے میں آئندہ کی حکمت عملی طئے کرنے کی گزارش کرے گا۔ اس موقع پر اختر عادل گیلانی، فراہیم احمد شارب، لئیق الزماں، مشتاق احمد، شاہد انور، مظہر حسین، ڈاکٹر ریحان غنی اور سلمان غنی سمیت کافی تعداد میں اہل الرائے حضرات موجود تھے۔