محب وطن سیاستدان روشن پاکستان پارٹی میں آجائیں، امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ممنون حسین، سید غوث علی شاہ غلام مصطفی کھر، معراج محمد خان اور ان جیسے دیگر تمام بزرگ، تجربہ کار، مخلص عوام اور محب وطن سیاستدان جو پاکستان کو ترقی یافتہ ، مستحکم، خوشحال اور فلاحی ریاست کے روپ میں دیکھنا اور عوام کو آئین و قانون کی پاسداری کے ساتھ امن و محبت، مساوات و انصاف کی فضا میں مطمئن و آسودہ حال زندگی گزارتے دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

محب وطن روشن پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرلیں کیونکہ یہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں میں وہ واحد و منفرد پارٹی ہے جس کے پاس انقلابی و فلاحی منشور کی صورت تمام قومی مسائل کا حل، بحرانوں سے نجات کا راستہ اور عوام کو اختیار واقتدار میں شمولیت کے ذریعے مایوسیوں و محرومیوں کو ختم کرکے گھر کی دہلیز پر تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا وہ طریق کار موجود ہے۔

جس پر عملدرآمد سے پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنایااور نصف صدی سے زائد کی بے اعتدالیوں اور مفادات کے باعث پیداشدہ مایوسیوں، محرومیوں، ظلم، جبر، استحصال، ناانصافی، مہنگائی، بیروزگاری، جہالت اور غربت، تعصب اور لسانیت کا خاتمہ کرکے وحدت و حب الوطنی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر علی پٹی والا نے حکمران و اپوزیشن جماعتوں سیاسی، جمہوری و مذہبی قوتوں، دانشور حلقوں، قانون ساز اداروں اور عوام کے تمام طبقات کومحب وطن روشن پاکستان پارٹی کے مطالعہ کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ہر فرد کو ایکبار ہمارے منشور کا مطالعہ ضرور کرنا چاہئے۔

کیونکہ یہی وہ راہ نجات ہے جس پر اتفاق و عملدرآمد پاکستان و عوام کو مسائل و مصائب اور مشکلات و خطرات سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر رواں کر سکتا ہے۔