لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پی سی بی نے نام لیے بغیرسرفراز احمدکا بال ٹمپرنگ سے متعلق بیان مسترد کر دیا۔
پشاور زلمی کیخلاف میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے کپتان سرفراز احمد نے گیند کیساتھ چھیڑ چھاڑ کی بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریری شکایت کردی، اس حوالے سے پی سی بی کی جانب سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ گیند کی حالت کو تبدیل کرنے سے متعلق میچ ریفری روشن ماہنامہ کو کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل3.2 کی شق 3.2.2 کے تحت ٹیم منیجر کی جانب سے باضابطہ شکایت میچ ختم ہونے کے 48 گھنٹوں کے اندر درج کروانا لازمی ہوتا ہے۔
چیف ایگزیکٹیو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ گیند کی حالت تبدیل کرنے سے متعلق بیان جاری کرنے سے پہلے نہ تو ٹھوس شواہد فراہم کیے گئے اور نہ ہی باضابطہ درخواست جمع کروائی گئی۔ مخصوص طریقہ کاراختیار کیے بغیر اتنا غیرذمہ دارانہ بیان جاری کرتے ہوئے ایونٹ کی ساکھ کو مجروح اور غیرملکی کرکٹرز کوشکوک و شبہات میں ڈالاگیا، کھلاڑیوں سے احتیاط برتنے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔
وسیم خان نے کہا کہ پی ایس ایل کیلیے امپائرز کا بہترین پینل موجود ہے، جس کی ہر معاملے پر گہری نظر ہے، اگر امپائرز پینل اگیند میں مصنوعی تبدیلی دیکھے تو وہ یقیناً کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت اس پر کارروائی کریگا، تمام شرکا سے درخواست ہے کہ وہ کھیل کی روح کو برقرار رکھتے ہوئے کرکٹ پر توجہ دیں۔