لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلا دیشی ہم منصب کو آدھے مالی فائدے سے مشروط سیریز کھیلنے کی پیشکش کر دی۔
پی سی بی حکام نے بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ کے ساتھ دہرا فائدہ دینے کا کھیل شروع کر دیا ہے۔ یعنی اگر شرائط منظور کر لی جاتی ہیں تو پاکستان کو مالی فائدے کے علاوہ اپنے ویران میدان آباد کرنے کی بھی خوشی ملے گی۔
پی سی بی کے مطابق رواں سال اپریل مئی میں بنگلا دیش ٹیسٹ، ون ڈے اور واحد ٹی ٹوئنٹی کھیلے جس کے عوض میزبان بورڈ کو سیریز کا 50 فیصد مالی فائدہ پی سی بی کو دینا ہو گا، صرف اتنا ہی نہیں بلکہ یہ بھی شرط رکھی گئی ہے کہ بنگلا دیش کو انڈر 19 اور اے ٹیموں کی دو طرفہ سیریز بھی کھیلنا ہو گی۔
ممکنہ سیریز 10 اپریل سے 7 مئی کے دوران 2 ٹیسٹ 3 ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ شامل ہو گا۔بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ کی منظوری پر سیریز کو حتمی سمجھا جائے گا جس میں تمام شرائط کی منظوری کے دستاویز تیار ہوں گے۔