کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ برس نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں شیڈول ورلڈ کپ سمیت مستقبل کے ایونٹس کی تیاری کیلیے کمر کس لی، منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے نئی سلیکشن کمیٹی کا پہلا اجلاس منگل کی صبح کراچی میں طلب کیا گیا ہے جس میں سلیکٹرز 30 سے 35 کھلاڑی منتخب کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کی محدود اوورز کی کرکٹ میں حالیہ کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔
گرین شرٹس ایشین اعزاز گنوانے کے بعد ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں بھی پہلی بار سیمی فائنل میں جگہ نہ بنا سکے جس کی وجہ سے سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور مبصرین کی جانب سے پی سی بی کو تنقید کا سامنا ہے اور اب 10 ماہ کے مختصر وقت میں پی سی بی کو ورلڈ کپ کے لیے مضبوط اور متوازن اسکواڈ تشکیل دینے کا چیلنج بھی درپیش ہے، قبل ازیں ٹیم کو دورہ سری لنکا، یواے ای میںآسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بھی ہمت آزمائی کا موقع ملے گا۔
اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے پی سی بی نے ملکی کرکٹ کو زمین کی پستیوں سے ہٹا کر آسمان کی بلندیوں تک پہنچانے کیلیے جامع پلان تیار کیا ہے جس میں چلے ہوئے کارتوسوں کو بار بار آزمانے کی بجائے ملک بھر میں موجود باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے بھر پور مواقع فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ 29 اپریل کوکراچی میں شیڈول سلیکشن کمیٹی کا اجلاس بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے اس ابتدائی اجلاس کی صدارت سلیکشن کمیٹی کے سربراہ معین خان کریں گے جبکہ دیگر ارکان محمد اکرم، اعجاز احمد، سلیم یوسف، شعیب محمد اور وجاہت اللہ واسطی بھی موجود ہونگے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تمام سلیکٹرز کو فون کے ذریعے کہا گیا ہے کہ ان کی کراچی کیلیے ہوائی جہاز کی ٹکٹیں 29 اپریل کو بک کروائی گئی ہیں، وہ شہر قائد پہنچ کر معین خان کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی میں شریک ہوں اور 6 مئی سے 6جون تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شیڈول کنڈیشننگ کیمپ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کریں۔
مزید معلوم ہوا ہے کہ نئی سلیکشن کمیٹی کا چونکہ یہ پہلا باضابطہ اجلاس ہے، اس لیے میٹنگ سے قبل چیف سلیکٹر ابتدائی کلمات کے بعد تمام ارکان سے ان کا نکتہ نظر جاننے کی کوشش کریں گے، اس موقع پر معین خان شرکاکوچیئرمین بورڈ نجم سیٹھی کا ایک پیغام بھی بتائیں گے جس کے مطابق ارکان سے کہا جائیگا کہ ان کے کام میں کسی بھی طرح کی مداخلت نہیں کی جائے گی اس لیے وہ کسی کی بھی سفارش کی پرواہ کیے بغیر صرف اور صرف میرٹ پر کھلاڑیوں کے انتخاب کو یقینی بنائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس ایک روزہ ہو گا کیونکہ کراچی سے باہر رہائش پذیر سلیکٹرز کی واپسی کیلیے ٹکٹیں شام کو کنفرم کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق این سی اے میں شروع ہونے والے کیمپ کے لیے 30 سے 35 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا جس کے لیے سلیکٹرز نے اپنے اپنے طور پر کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرستیں تیار کر لی ہیں جن پر اجلاس میں غور کیا جائے گا۔