لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی کرکٹ کمیٹی کے لیے سابق کپتان وسیم اکرم اور مصباح الحق کے نام سر فہرست ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کرکٹ کمیٹی میں شامل کیے جانے والے ناموں کے لیے پیٹرن وزیراعظم عمران خان سے مشاورت مکمل کر لی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم اور مصباح الحق کے ناموں پر مکمل اتفاق کر لیا گیا ہے جب کہ کمیٹی میں 70 اور 80 کی دہائی کے کرکٹرز کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق کپتان انتخاب عالم بھی کرکٹ کمیٹی میں شامل ہونے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔
یاد رہے کہ حال ہی میں قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجا نے پی سی بی کو تجویز دی تھی کہ کرکٹ کمیٹی پاکستان کرکٹ کے لیے بہت ضروری ہے اور پاکستان کرکٹ میں مینجمنٹ اور ایڈمنسٹریشن کے شعبے میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔
رمیز راجا کا کہنا تھا کہ کرکٹ کمیٹی ڈومیسٹک کرکٹ میں پچ سے لے کر پاکستان کرکٹ کے تھنک ٹینک کو بہتر بنانے کے معاملات پر بھی بہترین انداز میں کام کر سکتی ہے۔