پی سی بی ملازمین کے وارے نیارے، ڈبل بونس مل گیا

PCB

PCB

کراچی (جیوڈیسک) مالی نقصانات کا رونا رونے والے کرکٹ بورڈ نے اپنے ملازمین کے وارے نیارے کر دیے، پی ایس ایل کے بعد پی سی بی اسٹاف کو بھی بونس مل گیا، دونوں کیلیے کام کرنے والوں کے ہاتھ ڈبل رقم آ گئی، البتہ خالی ہوتے بورڈ کے خزانے سے کروڑوں روپے مزید کم ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کئی برسوں سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہو رہی، حکام اکثر مالی مسائل کا تذکرہ کرتے رہتے ہیں، دوسری جانب بغیر کام کیے بعض ملازمین کو بھاری تنخواہیں دینے اور غیرملکی دوروں کا سلسلہ بھی جاری ہے، ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ عرصے اولین پاکستان سپر لیگ کے لیے کام کرنے والے آفیشلز کو خصوصی بونس دیا گیا، گورننگ بورڈ کے ایک رکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ میٹنگ میں ہم سے پوچھا نہیں گیا بلکہ لیگ کے سربراہ نجم سیٹھی نے ملازمین کو بونس دینے سے آگاہ کیا، اسی پر بس نہیں ہوا بلکہ انگلینڈ جاتے جاتے چیئرمین شہریارخان بھی ملازمین کیلیے بونس کا اعلان کر گئے۔

یوں مارکیٹنگ، سوشل میڈیا اور دیگر ڈپارٹمنٹس کے ایسے ملازمین جو پی ایس ایل اور پی سی بی دونوں کیلیے کام کر رہے ہیں انھیں دگنا بونس مل گیا، البتہ بورڈ کے خزانے سے کئی کروڑ روپے مزید کم ہو گئے۔ دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین کو سال میں ایک بونس دینے کا اختیار حاصل ہے، انھوں نے اسی کے تحت ایسا کیا، پی ایس ایل ملازمین کو کتنی رقم دی گئی اس کا علم نہیں، وہ معاملات بالکل علیحدہ ہیں۔ واضح رہے کہ شہریارخان ایڈنبرا میں ہونے والے اجلاس میں آئی سی سی سے خصوصی فنڈ قائم کرنے کی درخواست کرنے والے ہیں، ان کا موقف ہے کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے سے بورڈ مالی طور پر مسائل کا شکار ہے۔