پی سی بی نے فواد عالم اور خالد لطیف پر عائد پابندی اٹھالی

PCB

PCB

کراچی (جیوڈیسک) پی سی بی نے کے سی سی اے کی جانب سے ٹیسٹ بیٹسمین فواد عالم اور خالد لطیف پر عائد پابندی اٹھالی جبکہ ٹیسٹ کرکٹر سہیل خان کے خلاف سزا برقرار رکھی گئی ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نے اپنا قانونی استحقاق استعمال کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا، بورڈ کے سینئر جنرل منیجر شفیق پاپا اور قانونی مشیر بیرسٹر سلیمان نفیس پر مشتمل 2 رکنی کمیٹی نے گزشتہ جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم میں سزا کیخلاف نظرثانی کی درخواستوں کی سماعت کی تھی، کمیٹی نے تینوں کرکٹرز کے علاوہ کراچی ڈولفنز کے کوچ سابق ٹیسٹ اسپنر توصیف احمد، منیجر وصال انصاری کے علاوہ کپتان سابق ٹیسٹ بولر محمد سمیع سے ون ٹو ون ملاقات کرکے ان کا موقف حاصل کیا تھا۔

اس موقع پر ٹیم کے ٹرینر عمران نے کمیٹی کو بعض کھلاڑیوں کی اس وقت کی فٹنس رپورٹ بھی جمع کرائی تھی، بعدازاں تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف کو پیش کی۔