لاہور (جیوڈیسک) پی سی بی چیئرمین شہریار خان پڑھے لکھے کرکٹرز کی بات تو کرتے ہیں لیکن خود ان کے ناک کے نیچے اہم عہدوں پر بیٹھے بلکہ سالوں سے کرسی سے چپکے عہدیداروں کی ڈگریاں ابھی تک بورڈ میں جمع نہیں ہوئیں۔
عثمان واہلہ جو پی سی بی میں آنے سے پہلے پولو میچز میں کمنٹری کرتے تھے پھر بورڈ کے میڈیا سیل میں آئے اور اب پاکستان کی انٹرنیشنل کرکٹ کے حوالے سے تمام تر معاملات سنبھالتے ہیں۔
انہیں پی سی بی میں چار سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے مگر ابھی بورڈ میں ڈگری جمع نہیں کرا سکے۔ گورننگ بورڈ میں بھی ان کے نام پر کافی شور مچا لیکن موصوف کا اثر و رسوخ ہی اتنا ہے کہ انہیں وقت دے دیا جاتا ہے۔
نجم سیٹھی کی منظور نظر نائلہ بھٹی ڈائریکٹر مارکیٹنگ جیسے عہدے پر فائز ہیں اور ڈگری ان کی بھی بورڈ میں جمع نہیں۔ لیکن نجم سیٹھی کے دباؤ کی وجہ سے کوئی اس بارے ان سے پوچھ بھی نہیں سکتا۔
پی سی بی نے دونوں عہدیداروں کی ڈگریوں کے معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور یہ عہدیدار ڈگری کب جمع کرائیں گے، کرائیں گے بھی یا نہیں کوئی نہیں جانتا۔