پی سی بی نے اہم فیصلوں کے لیے کمر کس لی

PCB

PCB

لاہور (جیوڈیسک) پی سی بی نے اہم فیصلوں کیلیے کمر کس لی، گورننگ بورڈ کا اجلاس جمعرات کو لاہور میں ہوگا۔ چیئرمین شہریار خان کی سربراہی میں ممبران معین خان کے 2 عہدوں، ویمنز ونگ چیئرپرسن کی تعیناتی سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کرینگے۔

میٹنگ میں شکیل شیخ (اسلام آباد ریجن)، گل زادہ (پشاور)، اقبال قاسم (نیشنل بینک)،امجد لطیف (سوئی نادرن)، منصور مسعود خان (یونائیٹڈ بینک)، یوسف نسیم کھوکھر (واپڈا)، پروفیسر اعجاز فاروقی (کراچی)، نجم سیٹھی، آئی پی سی کے سیکریٹری چوہدری اعجاز، سبحان احمد، بدر خان اورسلمان نصیر (سیکریٹری بورڈ آف گورنر) شریک ہونگے ۔ اس موقع پر پی سی بی کے معاملات میں بہتری لانے کیلیے بنائی گئی مختلف کمیٹیزکی کارکردگی اور سفارشات کا جائزہ لیا جائیگا۔

قومی ٹیم کے دورئہ سری لنکا کے حوالے سے منیجر کی رپورٹ اور یو اے ای میں آسٹریلیا سے جاری سیریز کے حوالے سے معاملات بھی زیر بحث آئینگے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اراکین کو اپنے دورئہ بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا،بھارت اور ان ممالک سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے ہونیوالی بات چیت سے آگاہ کرینگے۔

وہ آئی سی سی کے اجلاس کی تفصیلات بھی بتائینگے۔ میٹنگ میں چیئر پرسن پی سی بی ویمن ونگ کی تعیناتی کا معاملہ بھی زیر بحث آئیگا، بشریٰ اعتزاز کا بورڈ سے معاہدہ کافی عرصہ قبل ختم ہو چکا ہے۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں ٹیم انتظامیہ اور اسٹاف میں کمی کیساتھ چیف سلیکٹر معین خان سے منیجر کا عہدہ واپس لینے کے بارے میں بات چیت کا امکان ہے۔ شکیل شیخ کی سربراہی میں قائم کرکٹ کمیٹی نے 2 عہدوں پر کام کرنے والوں سے مطلوبہ نتائج نہ ملنے پر ایک، ایک عہدہ واپس لینے کی سفارشات تیار کی ہیں۔

جنھیں گورننگ بورڈ میں منظوری کیلیے پیش کیا جائیگا۔ ان عہدیداروں میں معین خان کے ساتھ اسپن بولنگ کنسلٹنٹ اور اکیڈمی کوچ مشتاق احمد، سلیکٹر و اکیڈمی کے بیٹنگ کوچ اعجاز احمد، سلیکٹر اور منیجر پاکستان اے ٹیم سلیم یوسف شامل ہیں۔