لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے مشتاق احمد اور اظہر محمود کو بولنگ کوچ بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے جب کہ اسٹیو رکسن کو فیلڈنگ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بولرز کی کارکردگی میں بہتری لانے کا ٹاسک مشتاق احمد اور اظہر محمود کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت دونوں سابق کرکٹرز کو بولنگ کوچ بنایا جارہا ہے جب کہ اسٹیو رکسن کو فیلڈنگ کوچ مقرر کیا جارہا ہے تاہم اس کا باضابطہ اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔
بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں لیگ اسپنر مشتاق احمد ٹیسٹ میچزکے دوران چیف کوچ مکی آرتھر کی معاونت کریں گے جب کہ پانچ ون ڈے میچز کے لیے اظہر محمود بطور بولنگ کوچ خدمات انجام دیں گے۔ ذرائع کے مطابق بورڈ اظہرمحمود سے فل ٹائم کنٹریکٹ کرنا چاہتا تھا تاہم کاؤنٹی میں مصروفیات کی وجہ سے اظہر محمود صرف ون ڈے میچز میں قومی ٹیم کے ساتھ کام کریں گے۔