پی سی بی نے کرکٹرز کیلیے خزانے کا منہ مزید کھول دیا

PCB

PCB

لاہور (جیوڈیسک) سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ ہر کھلاڑی کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر انٹرنیشنل میچ فیس کی آدھی رقم دی جائیگی، دیگر تمام کرکٹرز کی میچ فیس میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بورڈ نے ڈومیسٹک مقابلوں میں انٹرنیشنل کرکٹرز کی شمولیت یقینی بنانے کیلیے انھیں مالی مراعات دینے کا فیصلہ کیا ہے،سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ ہر کھلاڑی کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پرانٹرنیشنل میچ فیس کی آدھی رقم دی جائیگی۔ دوسری جانب آئندہ ٹورمیں کینگروز کیخلاف نائٹ ٹیسٹ کی تیاریوں کا پلان بھی تیار کرلیا گیا، نئے ڈومیسٹک سیزن میں قائد اعظم ٹرافی کے 10 میچز گلابی گیند سے کھیلے جائینگے، سیمی فائنلز اور فائنل بھی مصنوعی روشنیوں میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،اس حوالے سے ڈومیسٹک کرکٹ کمیٹی کی سفارشات کو گورننگ بورڈ نے منظور کرلیا۔

دوسری جانب نائٹ ٹیسٹ کی تیاریوں کا پلان بھی تیار ہوگیا، آئی سی سی کی جانب سے یہ تصور پیش کیے جانے کے وقت سے ہی پی سی بی نے اس کی حمایت کرتے ہوئے گہری دلچسپی کا مظاہرہ بھی کیا تاہم اس ضمن میں کیے گئے تجربات کی فہرست زیادہ طویل نہیں ہے، قائد اعظم ٹرافی 2010-11 کا فائنل اورینج بال سے کھیلا گیا تھا،اگلے سیزن میں ایونٹ کا فیصلہ کن معرکہ گلابی گیند سے ہوا۔

رواں سال اسی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے فائنل میں مصباح الحق کے زیر قیادت سوئی ناردرن گیس اور یونس خان کی ٹیم یوبی ایل مقابل ہوئیں، پی سی بی حکام پنک بال کی آزمائش سے مطمئن تھے تاہم کرکٹرز کی جانب سے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا گیا تھا، سب سے زیادہ تشویش اس بات پر سامنے آئی کہ پرانی ہونے کے ساتھ گیند بہتر انداز میں دکھائی نہیں دیتی، کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ مختلف کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے صرف فائنل کے بجائے پنک بال سے زیادہ میچز کھیلنے کا موقع ملنا چاہیے۔ اب پاکستانی ٹیم کو آئندہ دورہ آسٹریلیا میں کینگروز کیخلاف برسبین میں نائٹ ٹیسٹ کھیلنا ہے ، اس کی تیاریوں کیلیے ڈومیسٹک کرکٹ کمیٹی کی سفارشات کو گورننگ بورڈ نے منظور کرلیا، نئے سیزن میں قائد اعظم ٹرافی کے 10 میچز گلابی گیند سے کھیلے جائینگے، ان میں سیمی فائنلز اور فائنل بھی شامل ہونگے۔ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے فارمیٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، اس بار بھی 16ٹیمیں شریک ہونگی۔

گذشتہ ایونٹ میں سرفہرست ڈپارٹمنٹس اور ریجنز کی6،6سائیڈز براہ راست شامل ہوںگی جبکہ دیگر 14 کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیل کر اپنی نشست پکی کرنے کا موقع ملے گا،ان میں سے ریجنز اور ڈپارٹمنٹس کی 2،2ٹاپ ٹیمیں مین راؤنڈکھیلنے کا اعزاز حاصل کرینگی۔