پی سی بی وزیراعظم کے بغی رچل سکتا ہے: ذکا اشرف

Zaka Ashraf

Zaka Ashraf

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکااشرف نے تیسری بار بورڈ کا چارج سنبھال لیا، گزشتہ روز سہ پہر چار بجے وہ اپنے گورننگ بورڈ ارکان اور دیگر حامی افراد کے ہمراہ قذافی سٹیڈیم پہنچے تو سی او او سبحان احمد اور ڈائریکٹر ز نے ان کا مین گیٹ پر استقبال کیا۔

ذکااشرف نے کہا کہ وہ کسی کی پگڑی نہیں اچھالنا چاہتے بلکہ عدلیہ کے احترام میں احکامات کی پاسداری کرتے ہوئے کرکٹ کے معاملات میرٹ اور قانون کے مطابق نمٹائیں گے، وزیر اعظم ملنا چاہیں گے تو مل لوں گا تاہم وزیر اعظم کی سرپرستی کے بغیر بھی کام چل سکتا، فقط اللہ تعالی کی سرپرستی ضروری ہے، سزا یافتہ کھلاڑیوں کے لئے بورڈ میں کوئی جگہ نہیں ہو نی چاہیے، آئی سی سی بگ تھری ایشو پر میرا موقف بڑا واضح تھا مگر اب نجم سیٹھی نے پاکستان کی جانب سے اگر کوئی معاہدہ کیا ہے تو اسے دیکھنا ہو گا۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے حق اور انصاف کا فیصلہ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ چونکہ عدالتی فیصلے کے مطابق نجم سیٹھی کی سربراہی میں مینجمنٹ کمیٹی کے تمام فیصلے خود بخود ختم ہو گئے ہیں لہٰذا وہ ہیڈ کوچ وقار یونس سمیت تمام تقرریوں کا ازسرنو جائزہ لیں گے اور تمام فیصلے کرکٹ کی بہتری کیلئے کئے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ کیلئے جن خوشخبریوں کا ذکر کیا ہے اگر وہ مجھے اس کی تفصیلات سے آگاہ کر دیں تو انہیں خوش آمدید کہوں گا، میں پی سی بی کا منتخب چیئرمین ہوں بورڈ کی بدنامی وہ لوگ کر رہے ہیں جو عدلیہ کے فیصلے کو قبول نہیں کرتے۔ انہوں نے کہاکہ عدلیہ کا احترام کرنا ہم سب کا فرض ہے میں نے بھی اپنے دور میں عدلیہ کا فیصلہ قبول کیا تھا جب عدالت کی جانب سے مجھے برطرف کیا گیا تو میں نے صرف ٹی وی پر دیکھ کر بورڈ سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

ذکااشرف کا کہنا تھا کہ بگ تھری کاپہلے بھی مخالف تھا کیونکہ میرے نزدیک یہ پاکستان کے ساتھ ساتھ کرکٹ کیلئے بھی ٹھیک نہیں ہے تاہم نجم سیٹھی نے اس پر پاکستان کی جانب سے دستخط کئے ہیں تو اس معاملے کا باریک بینی سے جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری ہمیشہ سے کوشش رہی کہ کسی کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مصباح الحق سمیت تمام کھلاڑیوں کو فٹنس پرتوجہ دیناہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ٹیم کی قیادت سے متعلق بہتر فیصلہ کریں گے ۔

پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن شکیل شیخ کے استعفیٰ اورگورننگ بورڈ تحلیل ہونے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ شیخ صاحب کی ذاتی اختراع ہے اس میں کوئی صداقت نہیں۔ میرے نزدیک گورننگ بورڈ بحال ہے۔ عامر سہیل اور محمد الیاس کی سلیکشن کمیٹی میں دوبارہ تعیناتی کے بارے میں سوال پر ذکا اشرف نے کہا کہ وہ ان سب باتوں کا جائزہ لے کر کوئی فیصلہ کریں گے۔