پی سی بی کو سعید اجمل کے بولنگ ٹیسٹ کی رپورٹ کا شدت سے انتظار

Saeed Ajmal

Saeed Ajmal

لاہور (جیوڈیسک) پی سی بی کو سعید اجمل کے بولنگ ٹیسٹ کی رپورٹ کا شدت سے انتظار ہے، ورلڈکپ سے قبل آف اسپنر کے بغیر بے دانت کا شیر نظر آنے والی بولنگ کو سہارا دینے کیلیے ان کے انتخاب پر غور بھی شروع ہو گیا۔

قبل ازیں سعید اجمل نے میگا ایونٹ سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا، ان کے بھارتی شہر چنئی میں ہونے والے بائیومکینک ٹیسٹ کی رپورٹ جمعرات تک آئی سی سی کے حوالے کی جانی تھی جس کا ماہرین جائزہ لینے کے بعد اتوار تک ان کے کلیئر ہونے یا نہ ہونے کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے کہ کلیئر ہوگئے تو سعید اجمل کی ورلڈکپ اسکواڈ میں شمولیت خارج ازامکان نہیں، البتہ اس کیلیے کسی اور کھلاڑی کا انجرڈ ہونا لازمی ہو گا۔

دوسری جانب سعید اجمل سے متعلق آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ای ین چیپل کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی پوزیشن سعید اجمل کے بغیر ایسے ہے جیسے آئسکریم چاکلیٹ ٹاپنگ کے بغیر ہو۔ بھارت کے سابق کپتان سنیل گاوسکر کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم سعید کے بغیر اس کار کی طرح ہے جس کا انجن ہی نہ ہو۔