لاہور (جیوڈیسک) ماضی میں ڈسپلن کی کئی خلاف ورزیوں میں ملوث عمر اکمل ایک بار پھر ڈسپلن توڑنے اور رات گئے ہوٹل سے باہر رہنے کی پاداش میں جرمانے کی زد میں آ گئے۔
مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل آسٹریلیا کے خلاف پانچ ون ڈے انٹر نیشنل میں کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے لیکن ایک بار پھر ڈسپلن کی خلاف ورزی میں ملوث ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ تنبیہ بھی کی ہے۔
اتوار کو پانچویں ون ڈے انٹر نیشنل سے قبل دبئی میں عمر اکمل رات گئے ہوٹل سے باہر رہےجس سے وہ ڈسپلن کی خلاف ورزی کا مرتکب پائے گئے۔
منیجر طلعت علی ملک کا کہنا ہے کہ عمر اکمل نے جرمانہ تسلیم کر لیا ہے اور اپنے رویے پر معذرت کی ہے جب کہ پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان کا کہنا ہے کہ خوشی کی بات یہ ہے عمر اکمل نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے رویے پر معذرت کی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں عمر اکمل ایک میوزک پارٹی میں دکھائی دے رہے ہیں اور انہوں نے رات دیر تک جاری رہنے والی پارٹی کیلئے ٹیم انتظامیہ سے پیشگی اجازت نہیں لی تھی۔
پی سی بی کے میڈیا ریلیز کے مطابق بورڈ ہائی لیول کا پروفیشنل ازم اور کمٹمنٹ چاہتا ہے، مستقبل میں ڈسپلن کوئی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
پاکستان سپر لیگ کی کارکردگی پر انہیں آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پاکستان ٹیم میں ڈیڑھ سال بعد شامل کیا گیا تھا جب کہ انہوں نے پانچ میچوں میں 30 کی اوسط سے 150 رنز بنائے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور 48 رنز رہا۔