لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سے 7 ماہ قبل کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو تبدیل کرنے سے انکار کر دیا۔
پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے کپتان سرفراز احمد اور کوچ مکی آرتھر کو پیغام بھجوایا ہے کہ بورڈ میں انتظامی تبدیلی کے بعد ٹیم میں چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی اور نہ ہی ایسا کچھ کرنے کا ارادہ ہے۔
البتہ دونوں کو کہا گیا ہے کہ وہ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے کوششیں جاری رکھیں جب کہ پی سی بی نے مکی آرتھر کا تقرر آئندہ سال ورلڈ کپ تک کیا ہوا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابوظہبی ٹیسٹ سے قبل ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو واضع پیغام دیا ہے کہ وہ ڈریسنگ روم کی کہانیاں میڈیا میں لانے سے گریز کریں اور ٹیم کا ماحول خراب نہ کریں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے سرفراز احمد کو بھرپور حمایت کا یقین دلایا ہے جب کہ احسان مانی آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے لئے لاہور سے سنگاپور روانہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی نے سرفراز احمد اور مکی آرتھر کو یقین دلایا ہے کہ وہ دونوں پاکستان ٹیم کے ساتھ منسلک رہیں گے، انہیں تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے اس لئے دونوں اپنی کرکٹ پر توجہ دیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر منیجر طلعت علی ملک نے مکی آرتھر سے رابطہ کیا اور انہیں یاد دلایا کہ وہ غیر ضروری بیان دے کر ڈسپلن کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں۔ مکی آرتھر نے وضاحت دی کہ ان کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر تھا لیکن میری ادھوری بات دی گئی جس سے غلط تاثر سامنے آیا۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر ذاکر خان نے بھی مکی آرتھر کو سمجھایا کہ وہ غیر ضروری میڈیا میں بیانات سے گریز کریں۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے بعد اب کپتان سرفراز احمد بھی کوچ کے نشانے پر ہیں لیکن سرفراز احمد ہیڈ کوچ سے اختلافات کی تردید کرتے ہیں تاہم بعد میں پریس کانفرنس میں انہوں نے اشارتا مکی آرتھر سے اپنے خراب تعلقات کی تصدیق کی۔
پیر کو شیخ زائد اسٹیڈیم میں سرفراز احمد نے کہا ہے کہ میرے اور کوچ مکی آرتھر کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں، کوچ اور میرے درمیان اختلاف نہیں، جو ہونا تھا وہ ہوگیا، کوچ سے اختلاف کی بات یہیں ختم کر کے اگلے میچ پر فوکس کرنا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ اس وقت میں اور مکی آرتھر ایک پیج پر ہیں، ٹیسٹ سے پہلے میں کوئی بات کرنا نہیں چاہتا ورنہ بات آگے بڑھ جائے گی۔میں نے دبئی ٹیسٹ جو کیا وہ پوری ٹیم کا فیصلہ تھا اس پر مزید بات نہیں کرنا چاہتا۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل مکی آرتھر اور انضمام کے درمیان بھی شدید نوعیت کی جھڑپ ہوئی تھی تاہم کی معذرت کے بعد اس وقت کے چیئرمین نجم سیٹھی نے معاملہ رفع دفع کرادیا تھا۔