بلوچستان (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ پی ڈی ایم کا کوئی واضح ایجنڈے نہیں تھا اس لیے کمزور پڑ گئی ہے، تحریک چلانے والوں میں اختلاف اور تضاد ہو تو وہ کامیاب نہیں ہو سکتے۔
کوئٹہ میں اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ ہمارا شروع سے مؤقف تھا کہ اسمبلی مسائل کے حل کا فورم ہے اور آج پی ڈی ایم والے اسی طرف آ رہے ہیں۔
جام کمال کا کہنا تھا کہ اگر سڑکوں پر نکلنے سے قانون سازی اور عوام کے مسائل ہونے لگیں تو ہمیں روڈ پر ہی ہونا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان بہتر کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاہم گنے چنے عناصر کو جب موقع ملتا ہے تو وہ آسان ہدف پر حملہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
جام کمال نے کہا کہ کوئٹہ سیف سٹی، گوادر اسمارٹ سٹی اور سرحدوں پر باڑ لگانے کا کام جاری ہے، سی ٹی ڈی کو صوبے بھر میں فعال کر دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے لیے ہماری پارٹی کو کافی درخواستیں ملی ہیں، امیدواروں کی جانچ پڑتال کے لیے اسکروٹنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔